امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون نے الطاف بخاری سے بارہمولہ لوک سبھا سیٹ پر حمایت کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ووٹوں کی تقسیم نہیں چاہتے اسی لئے حمایت کے متمنی ہیں۔ان باتوں کا اظہار سجاد لون نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں بارہمولہ پارلیمانی سیٹ پر اپنی پارٹی سے حمایت مانگی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ووٹوں کی تقسیم نہیں چاہتے، کیونکہ اس سے نیشنل کانفرنس کو فائدہ پہنچتا ہے۔
سجاد لون نے کہا :’میں اپنی پارٹی کے سربراہ الطاف بخاری سے اپیل کرتا ہوں کہ شمالی کشمیر میں ووٹوں کی تقسیم کو روکنے کی خاطر پیپلز کانفرنس کا ساتھ دیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ پیپلز کانفرنس بدلے میں سرینگر نشست پر اپنی پارٹی کے امیدوار کو سو فیصد حمایت کا یقین دلاتی ہے۔پیپلز کانفرنس کے سربراہ نے کہا ہم سرینگر میں اپنی پارٹی کی غیر مشروط حمایت کریں گے۔
سجاد لون نے دعویٰ کیا کہ نیشنل کانفرنس 1975 سے بارہمولہ سیٹ سے دس بار جیت چکی ہے اور یہ صرف ووٹوں کی تقسیم کی وجہ سے ہوا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے سوچا ہے کہ اس بار ووٹوں کو کسی بھی صورت میں تقسیم کرنے کے عمل کو روکیں گے۔
لون نے مزید کہا، "میں بخاری سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ووٹوں کی تقسیم سے بچنے کے لیے شمال میں کوئی امیدوار کھڑا نہ کریں۔”
واضح رہے کہ بارہمولہ لوک سبھا نشست پر 20 مئی کو پانچویں مرحلے میں جبکہ سرینگر میں چوتھے مرحلے پر 13مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔بارہمولہ پارلیمانی نشست پر سجاد لون کا مقابلہ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے ساتھ ہے۔