امت نیوز ڈیسک //
اننت ناگ (جموں کشمیر): جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں جموں کشمیر پولیس نے سماج سے منشیات کی بدعت کو ختم کرنے کی اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے مزید دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے نشہ آور اشیاء برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ جموں کشمیر میں انتظامیہ خاص کر پولیس محکمہ کی جانب سے کارروائیاں کی تیز کر دی گئی ہیں، تاہم پولیس کی جانب عوام سے حکام کی مدد کی بھی اپیل کی جا رہی ہے۔
پولیس بیان کے مطابق پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ کی ٹیم نے جبلی پورہ، بجبہاڑہ میں ایک ناکہ قائم کیا اور ناکہ پر تلاشی کارروائی کے دوران تلکھن بجبہاڑہ سے تعلق رکھنے والے محمد شفیع ڈار ولد غلام محمد ڈارکی تحویل سے تقریباً 780 گرام چرس پاؤڈر اور 37740 روپے نقد برآمد کیے گئے۔ پولیس نے ڈار کو موقعے پر حراست میں لے لیا۔ اسی طرح کے ایک اور واقعے میں پولیس پوسٹ سنگم کی ایک اور پولیس پارٹی نے پنچ پورہ، آستان پورہ کراسنگ پر ایک ناکہ قائم کیا تھا جس دوران ایک کار زیر رجسٹریشن نمبر JK03A-7906 کو روک کر تلاشی لی گئی۔ پولیس بیان کے مطابق تلاشی کارروائی کے دوران مذکورہ گاڑی سے تقریباً 07 کلو فُکی بر آمد کی گئی۔
کار کے ڈرائیور کی شناخت شاکر احمد گنائی ولد گلزار احمد گنائی ساکنہ تکیہ مقصود شاہ، بجبہاڑہ کے طور پر کی گئی ہے۔ مذکورہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور جرم کے لیے استعمال کی گئی گاڑی کو بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ میں مقدمات درج کئے گئے اور مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔