امت نیوز ڈیسک //
جموں اور کشمیر کے پونچھ ضلع میں ہندوستانی فضائیہ کے قافلے پر حملے کے پیچھے ملی ٹینٹوں کے لئے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم کے دوسرے دن میں داخل ہونے کے بعد اتوار کے روز کئی لوگوں کو پوچھ گچھ کے لئے حراست میں لیا گیا۔
جموں کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس آنند جین اور فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سینئر افسران نے سورنکوٹ علاقے میں حملے کےمقام کا دورہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ فوج نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی۔ ہفتہ کی شام شاہستار کے قریب ہونے والے حملے میں پانچ IAF اہلکار زخمی ہوئے اور ان میں سے ایک بعد میں فوجی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
حکام نے کہا کہ ملی ٹینٹوں کے خلاف فوج اور پولیس کی جانب سے شاہ ستیار، گرسائی، سنائی اور شیندرا ٹاپ سمیت کئی علاقوں میں اچھی طرح سے مربوط مشترکہ آپریشن جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حملہ آوروں کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ حملے کے بعد جنگل کی طرف فرار ہو گئے تھے۔
حکام نے مزید کہا کہ اے کے اسالٹ رائفلوں کے علاوہ، ملی ٹینٹوں نے زیادہ سے زیادہ جانی نقصان پہنچانے کے لیے امریکی ساختہ M4 کاربائن اور اسٹیل کی گولیوں کا بھی استعمال کیا۔ آئی اے ایف نے مارے گئے آئر فورس اہلکار کی شناخت کارپورل وکی پہاڑے کے طور پر کی ہے اور اس کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔










