امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سیکرٹری ترون چُگ نے نیشنل کانفرنس اور کانگریس پر جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے دوران پاکستان کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کا الزام عائد کرتے ہوئے دونوں پارٹیوں پر شدید نکتہ چینی کی۔
پاکستان کے وزیر دفاع کی جانب سے ایک ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو، جس میں انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 اور 35 اے کی بحالی کےلئے پاکستان، نیشنل کانفرنس اور کانگریس اتحاد ایک سمت ہیں، کا حوالہ دیتے ہوئے ترون چگ نے نیشنل کانفرنس اور کانگریس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے میں پاکستان کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی خاطر این سی اور کانگریس کا اتحاد پوری طرح بے نقاب ہوگیا ہے۔
چُگ نے انتہائی شدید الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا بیان جموں و کشمیر کے انتخابات میں نہ صرف مداخلت کو ظاہر کرتا ہے بلکہ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ این سی کے عبدللہ اور کانگریس کے گاندھی خاندان بھی جموں وکشمیر میں خلل اور بدامنی پیدا کرنے کے لیے پاکستانی طاقتوں سے ہدایت لے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں سیاسی جماعتوں کا یہ اتحاد قابل مذمت ہے اور یہاں کے لوگوں کو بے وقوف بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔