امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 28 جنوری: نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کشمیر کے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ خطے میں منشیات کی لت اور تجارت کی بڑھتی ہوئی لعنت کے خلاف اجتماعی طور پر اٹھ کھڑے ہوں۔
سرینگر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے منشیات کی لعنت کو ایک سنگین چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا، ’’یہ کشمیر کے لوگوں کے لیے جاگنے کی کال ہے۔ منشیات کے اس کاروبار میں بہت زیادہ گندا پیسہ ملوث ہے اور جب تک ہم کشمیری نہیں جاگیں گے ہم اس پر قابو نہیں پاسکیں گے۔
ڈاکٹر عبداللہ نے معاشرے میں اخلاقی اور روحانی انحطاط پر اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ’’ہم صرف نام کے مسلمان ہیں عمل سے نہیں اور اسی لیے ہم جدوجہد کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے نہ صرف منشیات کے بحران بلکہ مسلم کمیونٹی کو درپیش وسیع تر مسائل سے نمٹنے کے لیے خود غور و فکر اور سماجی اصلاحات کی حمایت کی۔









