امت نیوز ڈیسک //
ریاسی، 19 اپریل : ریاسی ضلع کی تحصیل ارناس کے ڈوگہ کے قریب چنٹو گلی میں ہفتہ کی شام بجلی گرنے سے دو افراد کی موت ہو گئی اور ایک زخمی ہو گیا۔
ایک اہلکار نے خبر رساں ایجنسی جے کے این ایس کو بتایا کہ یہ واقعہ پولیس اسٹیشن ارناس کے دائرہ اختیار میں رات 8 بجے کے قریب پیش آیا۔ اس علاقے میں اچانک بادل پھٹنے کے بعد شدید بجلی گر گئی۔
اس واقعے میں عبدالرشید (60) ولد کالو اور مختیار احمد کی بیوی شہناز بیگم (25) موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ اہلکار نے بتایا کہ دونوں ریاسی کی تحصیل بھومگ گاؤں لمسورہ کے رہائشی تھے۔
اس واقعے میں ایک اور خاتون گلزار بیگم (55) بیوی عبدالرشید زخمی ہوگئیں۔ وہ بھی لمسورہ گاؤں سے تعلق رکھتی ہے۔ اہلکار نے مزید بتایا کہ زخمی خاتون کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا۔
آسمانی بجلی گرنے سے 40 کے قریب بکریاں اور بھیڑیں بھی ہلاک ہو گئیں۔ پولیس چوکی دھنسال سے پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ضروری کارروائیاں کی گئیں۔ (جے کے این ایس)









