امت نیوز ڈیسک //
چین: چین کے چنگ ڈاؤ میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزرائے دفاع کا اجلاس جاری ہے۔ اس اجلاس میں ہندوستان کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ شریک ہیں۔ اسی اجلاس میں پاکستان کے وزیر دفاع بھی موجود ہیں۔
بھارت ایس سی او کے مشترکہ اعلامیہ کی زبان سے مطمئن نہیں ہے، اور اس نے اعلامیہ پر دستخط سے انکار کر دیا ہے۔ بھارت کا کہنا ہے کہ، اعلامیہ میں پہلگام میں حملے کا کوئی ذکر نہیں ہے جبکہ پاکستان میں ہونے والے واقعات کا ذکر ہے اس لیے بھارت نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کرنے سے انکار کردیا۔
اس سے قبل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پہلگام حملے کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان کا نام لیے بغیر تنقید کی تھی۔ انھوں نے کہا تھا کہ، 22 اپریل 2025 کو، ٹی آر ایف نے ہندوستانی ریاست جموں و کشمیر کے پہلگام میں معصوم سیاحوں پر ایک گھناؤنا اور بزدلانہ حملہ کیا۔ ایک نیپالی شہری سمیت 26 بے گناہ شہری مارے گئے۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آپریشن سندور کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ، پہلگام حملے کا نمونہ ہندوستان میں لشکر طیبہ کے پچھلے دہشت گرد حملوں سے میل کھاتا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف دفاع کے اپنے حق کا استعمال کرتے ہوئے اور سرحد پار دہشت گردی کے مزید حملوں کو روکنے کے ساتھ ساتھ، ہندوستان نے 7 مئی 2025 کو سرحد پار دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنے کے لیے آپریشن سندور کا کامیابی سے آغاز کیا۔








