گاندربل/ اعجاز بابا
منشیات کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے اور معاشرے کو محفوظ و منشیات سے پاک بنانے کی اپنی مسلسل کوششوں کے تحت، گاندربل پولیس نے آج شادپورہ پولیس پوسٹ کے تحت آنے والے بٹوِنہ، خانپورہ اور ملحقہ علاقوں میں جنگلی بھنگ (کینابِس) کی بڑے پیمانے پر تلفی مہم چلائی۔
یہ کارروائی سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) گاندربل، جناب خلیل احمد پوسوال (جے کے پی ایس) کی ہدایات پر انجام دی گئی، جس کی قیادت ڈیوٹی آفیسر پولیس پوسٹ شادپورہ، جناب عرفان صاحب نے کی۔ اس موقع پر پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ مقامی نوجوانوں نے بھی بھرپور شرکت کی، جو معاشرے میں بڑھتی ہوئی شعور اور منشیات کے خلاف اجتماعی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
پولیس ٹیم نے منشیات سازی کے لیے استعمال ہونے والے جنگلی بھنگ کے وسیع رقبے کو باقاعدہ شناخت کر کے تلف کیا۔ یہ کارروائی ضلع بھر میں جاری ایک وسیع مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد غیر قانونی منشیات کی کاشت کا خاتمہ اور عوامی صحت و سلامتی کا فروغ ہے۔
اس موقع پر ڈیوٹی آفیسر شادپورہ نے منشیات سے متعلق کسی بھی سرگرمی کے خلاف محکمے کی زیرو ٹالرینس پالیسی کا اعادہ کیا اور عوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
گاندربل پولیس عوام سے ایک بار پھر اپیل کرتی ہے کہ بھنگ یا پوست کی غیر قانونی کاشت میں ملوث افراد یا زمین مالکان کی اطلاع دیں۔ مخبروں کی شناخت کو سخت رازداری میں رکھا جائے گا، اور ملزمان کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
مہم کے دوران، مقامی لوگوں نے گاندربل پولیس کا شکریہ ادا کیا، خاص طور پر ڈی او شادپورہ جناب عرفان صاحب کی مخلصانہ قیادت اور سنجیدہ کوششوں کو سراہا۔
عوام نے صحافی عمر شوکت کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا، جن کی مؤثر صحافتی کوریج اور مسلسل بیداری مہم نے اس اہم مسئلے کو اجاگر کرنے اور انتظامیہ کو فوری کارروائی کے لیے متحرک کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
یہ مہم گاندربل میں منشیات کے خلاف جاری جنگ میں ایک اور اہم قدم ہے، جو پولیس، میڈیا، اور عوام کے باہمی تعاون سے ایک محفوظ اور صحت مند معاشرے کے قیام کی عکاسی کرتی ہے۔









