امت نیوز ڈیسک //
مرکزی حکومت نے جمعرات کو بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 2019 سے اب تک 21 بیرون ملک دورے کیے ہیں اور ان دوروں پر 22.76 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ ہوئے۔ وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی مرلی دھرن نے راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں کہا کہ صدر نے آٹھ بیرون ملک دورے کیے اور 2019 سے اب تک ان دوروں پر 6.24 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم
خرچ کی گئی ہے۔ حکومت نے 2019 سے اب تک صدر کے دوروں کے لیے 6,24,31,424 روپے ، وزیر اعظم کے دوروں کے لیے 22,76,76,934 روپے اور وزیر خارجہ کے دوروں کے لیے 20,87,01,475 روپے کی رقم خرچ کی ہے۔ جہاں صدر نے آٹھ بیرون ملک دورے کیے ، وہیں وزیر اعظم نے 2019 سے اب تک 21 دورے کیے ہیں۔ اس عرصے کے دوران، وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے 86 بیرون ملک دورے کیے ہیں۔ ۔ 2019 سے لے کر اب تک وزیر اعظم تین بار جاپان اور دو بار امریکا اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کر چکے ہیں۔ صدر کے دوروں میں ، آٹھ میں سے سات دورے رام ناتھ کووند نے کیے تھے، جبکہ موجودہ صدر درویدی مرمو نے گزشتہ ستمبر میں برطانیہ کا دورہ کیا تھا۔









