(سرینگر) پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ اگر جموں و کشمیر کے لوگ ابھی بھی نہیں جاگے تو ایسے حالات بنائے جائیں گے کہ یہاں کے نوجوانوں کو پاؤں دھرنے کے لئے بھی زمین نہیں بچے گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سرکار نے ان کی پارٹی کے ٹکڑے ٹکڑے کر دئے اور جب وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی آواز اٹھاتی ہیں تو مرکز ان سے ڈرتا ہے۔ پی ڈی پی صدر نے ان باتوں کا اظہار جمعے کے روز پی ڈی پی کے بانی اور ان کے والد مرحوم مفتی محمد سعید کی چھٹی برسی کے موقع پر بجبہاڑہ میں واقع ان کے مزار پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔ اس موقع پر پارٹی لیڈران و کارکنان بھی موجود تھے اور وہ ’مرحوم مفتی محمد سعید صاحب امر رہے‘ کے نعرے بھی لگا ہے تھے۔
محبوبہ مفتی نے کہا: ’اگر جموں و کشمیر کے لوگ، چاہئے وہ جموں کے ڈوگرہ ہوں ، گجر ہوں یا کشمیری ہوں، آج بھی نہیں جاگے تو ایک وقت آئے گا جب ایسے حالات بنائے جائیں گے کہ یہاں کے لوگوں خاص کر نوجوانوں کو پاؤں دھرنے کے لئے بھی زمین نہیں بچے گی‘۔ ان کا کہنا تھا: ’میری پارٹی کے ٹکڑے ٹکڑے کر دئے اور جب میں جموں و کشمیر کے لوگوں کی آوز اٹھاتی ہوں تو وہ ہم سے ڈرتے ہیں، میری پارٹی سے ڈرتے ہیں، جو ہم دفعہ370 کی بات کرتے ہیں اس سے ڈرتے ہیں‘۔ موصوفہ نے کہا کہ ہمارے ورکر آج یہاں مرحوم مفتی صاحب کی برسی پر ان کو خراج عقیقت پیش کرنے کے لئے آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان کا مقابلہ کرتے رہیں گے جس طرح باہر کے لوگوں نے ان کا مقابلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے حقوق کے حصول کے لئے ہمیں ان کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا ہمیں ہمت نہیں ہارنی ہے۔










