(گاندربل) گاندربل ضلع کے گندرہمان میں انہدامی کاروائی کے دوران منگل کو ایک نوجوان نے خود کو آگ لگا لی۔ اطلاعات کے مطابق علاقے میں تجارتی کمپلیکس کے انہدام کے دوران ایک نوجوان جس کی شناخت عامر احمد شاہ کے نام سے ہوئی ہے، خود کو آگ لگانے کے بعد جھلس کر زخمی ہو گیا۔ زخمی نوجوان کو علاج کے لیے سکمز صورہ منتقل کیا گیا ہے۔حکام نے بتایا ہے کہ اس شخص نے خود کو اس وقت جلا لیا جب حکام کی جانب سے انہدامی کاروائی چلائی جا رہی تھی اور اہلکاروں نے سرکاری زمین پر تعمیر کیے گئے اس کے نئے تعمیر شدہ کمپلیکس کو گرانے کی کوشش کی۔واضح ر ہے کہ تحصیلدار گاندربل نے میونسپل کونسل کے ساتھ مل کر گندرہمن میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف انہدامی مہم شروع کی ہے۔حکام نے بتایا ہے کہ کمپلیکس کے مالک کے بیٹے عامر احمدنے خاندان کے افراد اور رشتہ داروں کے ساتھ سرکاری پارٹی کی طرف پتھراؤ کرکے انہدام کو روکنے کی کوشش کی۔حکام نے بتایا کہ مالک کے بیٹے نے مٹی کا تیل یا پٹرول چھڑک کر خود کو جلانے کی کوشش کی اور زخمی ہو گیا جس کے بعد اسے علاج کے لیے سکمز صورہ منتقل کیا گیا۔ حکام نے انہدامی مہم کو فی الحال روک دیا ہے. دریں اثناء پولیس ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کی جانب سے نالہ سندھ کے کناروں پر مسماری کی مہم کے دوران ایک شخص جس کی شناخت عامر احمد شاہ ساکنہ ہران گاندربل کے نام سے کی گئی تھی اچانک پیچھے سے نمودار ہوا۔ نالہ سندھ کے کنارے کھڑے غیر قانونی ڈھانچے کو گرانے کے خلاف احتجاجاً غیر قانونی ڈھانچہ کی چھت پر خود سوزی کر لی۔تاہم مذکورہ شخص کو ایس ایچ او گاندربل اور مقامی لوگوں نے موقع پر ہی بچالیا، تاہم آگ بجھنے سے پہلے ہی وہ جھلس کر زخمی ہوگیا اور اسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔مزید ، پولیس نے میڈیا برادری اور عام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس افسوسناک واقعے کی ویڈیو کو گردش نہ کریں جو کہ عام لوگوں کے لیے بہت زیادہ دلخراش ہے۔










