سرینگر//آئی جی پی کشمیر اور ایس ایس پی اننت ناگ نے بابا برفانی کی مقدس غاز اور یاتری کیمپ پنجترنی کا دورہ کر کے وہاں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار نے ایس ایس پی اننت ناگ کے ہمراہ امرناتھ مقام پر بابا برفانی کے درشن کئے اور پنجترنی میں یاتری کیمپ کا دورہ کیا۔ اسی دوران اُنہوں نے فوج، سی آر پی ایف، بی ایس ایف، آئی ٹی بی پی، جموں وکشمیر پولیس، این ڈی آر ایف اور سول انتظامیہ کے افسران کے ساتھ سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی۔ بعد ازاں آئی جی پی نے فورسز کی تعیناتی کا جسمانی معائنہ کیا۔
قبل ازیں پیر کو انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیررینج وجے کمار اور آئی جی سی آر پی ایف نے ڈی آئی جی جنوبی کشمیر اور ایس ایس پی اننت ناگ کے ہمراہ سالانہ امر ناتھ یاترا کے سلسلے میں سیکورٹی انتظامات کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ میٹنگ کے دوران آئی جی کشمیر اور آئی جی سی آر پی ایف نے تفصیل کے ساتھ امر ناتھ جی یاترا کے سلسلے میں اٹھائے جا رہے اقدامات کا بھر پور جائزہ لیا۔
انہوں نے پولیس ، سیکورٹی فورسز اور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں سے وابستہ افسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ یاترا کے دوران باہمی تال میل کو بنائے رکھیں۔ سالانہ امر ناتھ جی یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے اور یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی خاطر تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی بھی تلقین کی گئی۔






