(سرینگر) جموں و کشمیر انتظامیہ نے عدالت عالیہ کو تحریری طور پر یقین دلایا ہے کہ جموں و کشمیر میں پرائمری اور مڈل سکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں پھر سے شروع کرنے کےلئے سرکار کی طرف سے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں اور بہت جلد سکولوں کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ بچوں کو بلا خلل انٹرنیٹ کی فراہمی کوبھی یقینی بنایاجائے گا۔ ایک عرضی پر شنائی کرتے ہوئے جسٹس علی محمد ماگرے اور جسٹس سنجے دھر کی ڈویژن بنچ نے سرکار پر زور دیا ہے کہ وہ اس معاملے میں جلد کارروائی کریں۔ دائر عرضی میں جموں و کشمیر خاص کر وادی کشمیر میں آن لائن کلاسوں کےلئے انٹرنیٹ کی بہتر فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی مانگ کی گئی ہے جس پر عدالت عالیہ نے سرکار سے کہا کہ وہ بچوں کو بلا خلل انٹرنیٹ کی سہولیات بہم رکھنے کےلئے اقدامات اُٹھائیں۔ حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شاہ امیر نے کہا کہ حکومت اسکولوں میں جسمانی طور پر کلاسز دوبارہ شروع کرنے کی تجویز دینے جا رہی ہے۔ طلباء کے مفادات پر خصوصی توجہ دی جائے گی اورحکومت انٹرنیٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن سہولیات کی مانگ کے لیے بھی ترجیحی بنیادوں پر کام کرے گی۔










