(سرینگر) نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ آج خطہ چناب اور پیرپنچال کے 8روزہ دورے کیلئے روانہ ہوئے۔ اس دوران پارٹی سے وابستہ لیڈران اور عہدیداران نے اُن کا بانہال پہنچنے پر خیر مقدم کیا۔ اُن کے ہمراہ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اور سیاسی صلح کار تنویر صادق بھی تھے۔ بانہال میں پارٹی کے ضلع صدر رام بن سجاد شاہین اور صوبائی صدر یوتھ اعجاز جان کے علاوہ ضلع رام بن کی ورکنگ کمیٹی کے ممبران نے اُن کا خیرمقدم کیا۔ اس موقعے پر عمر عبداللہ نے پارٹی لیڈران اور عہدیداران کیساتھ تبادلہ خیالات کیا اور پارٹی پروگرواموں اور تنظیمی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ضلع رام بن کے لوگوں کے مسائل و مشکلات کی جانکاری بھی حاصل کی۔ پارٹی لیڈران نے لوگوں کے مسائل و مشکلات، جن میں خصوصاً بجلی اور پینے کے پانی کی قلت، سڑکوں کی خستہ حالی، بے روزگاری اور دیگر اہم مسائل اُجاگر کئے۔ عمر عبداللہ نے پارٹی عہدیداران پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کے لئے کام کریں اور لوگوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمیں مشکل ترین دورسے گزر رہے ہیں اور ایسے میں ہمیں متحدہ رہنا چاہئے اور ثابت قدم رہ کر لوگوں کے احساسات اور جذبات کی ترجمانی کرنی ہے۔