(سرینگر) جموں و کشمیر انتظامیہ نے عالمی وبا کورونا وائرس سے ہلاک ہوئے افراد کے اہل خانہ کو پچاس ہزار روپے بطور معاوضہ دینے کو منظورِ دیتے ہوئے تمام ضلع کمشنرز کو ہدایت دی ہے کہ اس رقم کی ادائیگی آسان طریقے سے ہو۔ محکمہ ڈیزاسٹرمینجمنٹ، ریلیف، ریہبلی ٹیشن اور ریکنسٹرکشن کی جانب سے جاری کردہ ایک حکمنامہ میں لیفٹیننٹ گورنر کے سیکرٹری، ناظم ضیاء خان نے کہا کہ اس اسکیم پر عمل درآمد فوری طور پر شروع ہو جائے گا اور اس میں کووڈ-19 کی وجہ سے ہلاک ہونے والے تمام رہائشیوں کو شمار کیا جائے گا. حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ‘سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی طرف سے جاری کردہ رہنما خطوط کے مطابق کووڈ-19 متاثرین کے قریبی رشتہ داروں کو معاوضہ دینے کے لیے اسکیم کو اپنانے کی منظوری دی گئی ہے’۔ حکم نامے کے مطابق، اسکیم کے تحت کیس کی اہلیت کی محکمہ صحت اور میڈیکل ایجوکیشن کے ذریعہ بنائے گئے ڈیٹا بیس کے ذریعے کی جائے گی اور اسے نامزد میڈیکل اتھارٹی کے ذریعہ مستند کیا جائے گا۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ‘متعلقہ ڈپٹی کمشنرز (ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین)، محکمہ صحت اور میڈیکل ایجوکیشن کے ذریعے اسکیم کی وسیع پیمانے پر تشہیر کی جائے گی تاکہ دو ماہ کے اندر اسکیم کی تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے’۔حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا کہ ‘تمام ڈپٹی کمشنرز کووڈ ہلاکت کی تصدیق کے حوالے سے کسی بھی شکایت کے ازالے کے لیے ضلعی سطح کی کمیٹی (DLC) کی تشکیل کے لیے ایک مناسب حکم جاری کریں’۔مزید وضاحت کرتے ہوئے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ‘کمیٹی متعلقہ ضلع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، سرکاری میڈیکل کالج کے پرنسپل یا ضلع کے چیف میڈیکل آفیسر اور ڈسٹرکٹ اسپتال یا سرکاری میڈیکل کالج کے میڈیکل سپرانٹنڈنٹ پر مشتمل ہوگی۔ یہ کمیٹی مرکزی حکومت کے رہنما خطوط کے مطابق کووڈ-19 سے ہونے والی موت کی تصدیق کرنے، ضروری تدارک کے اقدامات تجویز کرنے، بشمول کووڈ-19 موت کے سرٹیفکیٹ میں ترمیم کرنے اور جاری کردہ رہنما خطوط کے مطابق حقائق کی تصدیق کے لیے مناسب انتظامی وسائل کی تفصیل کے لیے ذمہ دار ہوگی’۔









