(سرینگر) وادی کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے باعث شبانہ درجہ نقطہ انجماد سے اوپر درج ہونے سے لوگوں کو ٹھٹھرتی سردی سے قدرے راحت نصیب ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تاہم وادی کے مشہور ترین سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ متعلقہ محکمے کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں 26 اور27 دسمبر کو بالائی علاقوں میں کہیں کہیں بھاری برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری ہوسکتی ہے۔ ادھر وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری سے جوڑنے والی سری نگر- لیہہ شاہراہ اور جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والا تاریخی مغل روڈ جمعرات سے ہی ٹریف کی آوا جاہی کے لئے بند ہیں۔