(سرینگر) گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) سرینگر اور اس کے ساتھ منسلک اسپتالوں میں تعینات قریب 42 ڈاکٹروں اور دیگر طبی اہلکاروں کی ہفتے کے روز کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جی ایم سی سرینگر اور اس کے ساتھ منسلک دوسرے اسپتالوں میں تعینات کم سے کم 42 ڈاکٹروں اور دیگر طبی اہلکاروں کا ہفتے کے روز کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ گذشتہ پندرہ دنوں کے دوران جی ایم سی سرینگر سے منسلک شری مہاراجہ ہری سنگھ اسپتال، ایل ڈی اسپتال، سپر سپیشلٹی اسپتال شیرین باغ اور دیگر منسلک اسپتالوں میں تعینات قریب 130 ڈاکٹروں اور 120 پیرا میڈیکل عملے کے اہلکاروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کے اہلکاروں کے ٹیسٹ مثبت آنے سے اس وبا کے ساتھ مقابلہ کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ کورونا کیسز میں درج ہو رہے ہوشربا اضافے کے پیش نظر متعلقہ محکمے نے جہاں ڈاکٹروں و دیگر طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کی ہیں وہیں فیکلٹی کی سرماائی تعطیلات بھی معطل کی گئی ہیں۔جموں وکشمیر انتظامیہ نے کورونا کی اس لہر کو روکنے کے لئے یونین ٹریٹری میں ’ویک اینڈ‘ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا بھی فیصلہ لیا ہے.










