(سرینگر) مشہورِ باغِ گل لالہ جس سے عام طور پر ٹولیپ گارڈن کے نام سے جانا جاتا ہے، کو عام لوگوں اور سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر انتظامیہ نے بدھ کو کہا کہ کشمیر میں گزشتہ چھ مہینوں میں اب تک کی سب سے زیادہ سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی ہے اور آنے والے مہینوں میں سیاحوں کی آمد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ایشیا کے سب سے بڑے ٹیولپ گارڈن میں ٹیولپ فیسٹیول کا افتتاح کرنے کے بعد چیف سکریٹری اے کے مہتا نے بتایا کہ مارچ کے مہینے میں کشمیر میں اب تک سب سے زیادہ سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی ہے اور پچھلے چھ مہینوں میں کشمیر آنے والے سیاحوں کی تعداد ہر وقت بڑھتی رہی۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ یہ اعداد و شمار کسی بھی سیزن کے مقابلے میں اب تک کی سب سے زیادہ ہے چاہے کویڈ ہو یا اس سے پہلے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کشمیر میں سیاحوں کی تعداد میں مزید اضافے کی توقع کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سیزن میں 68 قسموں کے 15لاکھ ٹیولپس سیاحوں کو مسحور کردیں گے۔ دریں اثنا، میوزیکل اور ثقافتی تقریبات کے سلسلے میں پہلے دن سیاحوں اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے باغ کا رخ کیا.