(سرینگر) لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے موجودہ سیاحتی سیزن کو کشمیر کی سیاحتی تاریخ کا سنہرا دور قرار دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چند مہینوں کے دوران 80 لاکھ سیاحوں نے جموں وکشمیر کی سیر کی ہے جس سے گذشتہ بیس برسوں کے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔انہوں نے کہا کہ پروازوں کے آپریشنز نے بھی تمام سابقہ ریکارڈوں کو توڑ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’ریکارڈ تعداد میں سیاح کشمیر آ رہے ہیں کشمیر کی سیاحتی تاریخ کا یہ سنہرا دور ہے‘۔ان کا کہنا تھا’گذشتہ چند مہینوں کے دوران 80 لاکھ سیاح وارد کشمیر ہوئے ہیں جو پچھلے دس بیس برسوں کے دوران ایک ریکارڈ تعداد ہے‘۔ ایل جی سنہا نے کہا کہ پراوزوں کے آپریشنز نے بھی تمام سابق ریکارڈ ٹوڑ دئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج یہاں کے تمام ہوٹلوں کی بکنگ ہوئی ہے اور ملک کی باقی ریاستوں کے لوگوں کو سرینگر کی ہوائی ٹکٹ ملنا مشکل بن گیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جھیل ڈل میں ایک تقریب کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دینے کے دوران انہوں نے کہا کہ حکومت جھیل ڈل کو جنگی بنیادوں پر صاف کرنے کے لئے پر عزم ہے۔انہوں نے کہا’پہلی بار حکام اور مقامی لوگ مل کر جھیل ڈل کو صاف کر رہے ہیں اور جھیل ڈل کو گندگی سے صاف دیکھنے کے عہد کے تحت کام کر رہے ہیں‘۔ان کا کہنا تھا کہ جھیل ڈل کو گذشتہ کئی دہائیوں سے صاف نہیں کیا گیا تھا اور یہ اتنا صاف کبھی نہیں تھا جتنا آج ہے اور اس کا اعزاز انتظامیہ اور مقامی لوگوں کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگ بہت جلد جھیل ڈل کی کھوئی ہوئی شان و شوکت بحال ہوتے ہوئے دیکھیں گے جس کے لئے یہ جھیل دنیا بھر میں مشہور تھا۔