(کپواڑہ) پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے حد بندی کمیشن کی رپورٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی جموں و کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حد بندی کمیشن کی رپورٹ 5 اگست 2019 کو شروع ہونے والے عمل کا حصہ ہے۔ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے والی بی جے پی اب اس خطے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کر رہی ہے۔
پی ڈی پی سربراہ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کچھ اس لیے کیا جا رہا ہے کہ اس حد بندی کے عمل کو استعمال کرتے ہوئے مسلم اکثریتی ریاست کو مسلم اقلیتی ریاست میں بدل دیا جائے۔ محبوبہ نے مزید کہا کہ موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے جہاں لوگوں کو بحران کا سامنا ہے، الیکشن کرانا کوئی آپشن نہیں ہے۔ محبوبہ مفتی قیصر جمشید کے اہل خانہ کی تعزیت پُرسی کے لیے سوگام کپواڑہ گئی تھیں۔ لون خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی پی کی سربراہ نے مرحوم کی روح کے سکون اور سوگواروں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لیے دعا کی۔










