(سرینگر) سرینگر کے ڈاؤن ٹاؤن علاقے میں فورسز کی تعیناتی کے بیچ ہفتے کے روز اہم تجارتی مراکز بند رہے تاہم سڑکوں پر معمول کے مطابق ٹریفک کی نقل وحمل جاری رہی جبکہ سیول لائنزکے سبھی تجارتی مراکز میں معمول کے مطابق کام کاج جاری رہا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق میر واعظ مولوی محمد فاروق کی برسی کے موقع پر ہفتے کے روز ڈاؤن ٹاؤن میں کاروباری ادارے ٹھپ رہنے سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کررہ گئی تاہم سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل جاری رہی۔ شہر کے سیول لائنز علاقوں بشمول لالچوک ، بڈشاہ چوک ، ایم اے روڑ اور ریگل چوک میں تمام تر تجارتی سرگرمیاں حسب معمول جاری تھیں اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل حسب معمول جاری و ساری تھی۔