امت نیوز ڈیسک // ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کشمیر نے امرناتھ یاتریوں کو بلا خلل صحت کی دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرنے کے لیے صحت کے مراکز قائم کیے ہیں۔اس سلسلے میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسزکشمیر، ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے حال ہی میں امرناتھ یاترا کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کئی میٹنگوں کی صدارت کی۔ محکمہ صحت کے ترجمان ڈاکٹر میر مشتاق نے بتایا کہ محکمہ نے چوبیس گھنٹے صحت کی خدمات اور کنٹرول روم قائم کیا ہے جو کسی بھی قسم کی طبی ایمرجنسی میں عازمین کو صحت کی جدید خدمات فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جس میں صحت، فوج اور بارڈر سیکورٹی فورسز (بی ایس ایف) کے ڈاکٹر بھی موجود تھے۔ ہم نے کمیٹیاں بنا دی ہیں، افسران کو بھی نامزد کیا ہے۔ ہم نے 55 کیمپ کی سہولیات قائم کی ہیں جن میں 6 بیس ہسپتال شامل ہیں جہاں 1000 سے زیادہ ہیلتھ کیئر ورکرز 3 شفٹوں میں خدمات فراہم کریں گے۔اس کے علاوہ یاترا کے لیے 11 طبی امدادی مراکز، 12 ہنگامی امدادی مراکز کے علاوہ 26 آکسیجن بوتھ اور 15 آن روٹ سہولیات بھی قائم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے17 آن روٹ سہولیات کو الرٹ رکھا جائے گا۔ یاترا کو کامیاب بنانے کے لیے جموں و کشمیر اور دیگر ریاستوں کے کل 1500 صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کی خدمات کا استعمال کیا جائے گا۔لوگوں کی صحت کے تحفظ کیلئے ڈائریکٹوریٹ نے امرناتھ یاترا کے تمام اسٹیشنوں پر تمباکو کی مصنوعات کی فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی کا حکم دیا ہے تاکہ سالانہ یاترا کو ”تمباکو سے پاک“ بنایا جا سکے۔