امت نیوز ڈیسک //
مرکز کے زیر انتظام خطہ جمو ں و کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں سکیوریٹی فورسیز اور عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم جاری ہے، جموں و کشمیر پولیس زون کا کہنا ہے کہ بارہمولہ انکاؤنٹر میں ایک عسکریت پسند ہلاک جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
عسکریت پسند کی شناخت ارشاد احمد بھٹ کے طورپر کی گئی ہے،بتایاجارہا ہے کہ مارے گئے عسکریت پسند کا تعلق عسکریت پسند لشکر طیبہ سے تھا، زخمی پولیس اہلکار کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے، پولیس کا کہنا ہے "بارہمولہ کے وانیگام بالا گاؤں میں ایک عسکریت پنسد کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور سکیوریٹی فورسیز نے مشترکہ طورپر سرچ آپریشن شروع کیا۔
بتایاجارہا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران جیسے ہی پولیس اور سکیوریٹی فورسیز مشتبہ مقام پر پہنچے وہاں پہلے سے موجود عسکریت پسندوں نے ان پر فائرنگ شروع کردی،جس کے جواب میں پولیس نے بھی فائرنگ کی، فائرنگ کے تبادلے میں دو فوجی جوان اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوئے، اور انہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم ہے۔پولیس نے کہا کہ انکاؤنٹر کے مقام سے ایک اے کے رائفل، تین میگزین، 30 راؤنڈ کارتوس برآمد کئے گئے ہیں۔