کپواڑہ// شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں رات بھر ہونے والی بارش کی وجہ سے آنے والے سیلاب کے نتیجے میں لولاب اور اس کے قرب و جوار کے کئی دیہاتوں میں زرعی کھیتوں کو خاص طور پر دھان کی فصل کو بھاری نقصان پہنچاہے۔
خبر رساں ایجنسی جی این ایس نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ چندیگام اور لال پورہ علاقوں میں کئی ندی نالے اوور فلو ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے پانی زرعی کھیتوں اور رہائشی علاقوں میں داخل ہو گیا۔
طوفانی سیلاب سے بنیادی طور پر تحصیل سوگام کے چندیگام بی اور لال پورہ تحصیل کے منڈل پورہ میں نقصان پہنچا۔ مقامی لوگوں کو شبہ ہے کہ بادل پھٹنے کی وجہ سے یہ سیلاب آیا ہے۔
سرپنچ چندیگام-بی فیاض احمد نے بتایا کہ سیلاب سے کھیتوں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “کئی جگہوں پر دھان کو ایسے دھویا گیا ہے جیسے ہم نے لگایا ہی نہیں”، انہوں نے کہا کہ کئی جگہوں پر سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
پنچائت ممبر نے حکام سے درخواست کی کہ وہ نقصان کا جائزہ لیں اور متاثرہ گھرانوں کو معاوضہ فراہم کریں۔