سری نگر//جموں و کشمیر حکومت نے جمعہ کو حکم نامہ جاری کر کے انتظامیہ کو تمام سرکاری عمارتوں بشمول یونیورسٹیوں، کالجوں اور سکولوں کو یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچم لہرانے کی ہدایت دی ہے۔
آج جاری ایک حکم نامے کے مطابق ،تمام لوگوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ “فلیگ کوڈ” کے حوالے سے مناسب اور موزوں انداز میں قومی پرچم لہرائیں۔
حکم نامے کے مطابق،جاری ہدایات کے تسلسل میں، اور آزادی کا امرت مہوتسو اور ہندوستان کی آزادی کے 75سال کی یادگار کے سلسلے میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ جموں وکشمیر کے تمام سرکاری عمارتوں/دفاتر، بشمول یونیورسٹیوں، کالج، سکول، اربن لوکل باڈی دفاتر، تحصیل، بلاک، پنچایتیں، پٹوار خانہ وغیرہ پر یوم آزادی 2022کے موقع پر قومی پرچم لہریا جائے گا۔
اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ قومی پرچم کو فلیگ کوڈ کے حوالے سے مناسب اور موزوں انداز میں لہرایا جائے، جس کے لیے محکمہ اطلاعات تمام اسٹیک ہولڈرز میں بیداری پیدا کرے گا۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کے مطابق، تمام انتظامی سیکرٹریوں، ڈویژنل کمشنروں، محکموں کے سربراہوں اور ڈپٹی کمشنروں سے کہا جاتا ہے کہ وہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔