امت نیوز ڈیسک //
جموں04 جنوری جموں وکشمیر کے راجوری ضلع کے ڈانگری گاوں میں عام شہریوں کی ہلاکت میں ملوث ملی ٹینٹوں کی تلاش تیسرے روز بھی جاری رہی۔معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے رہائشی علاقوں کے ساتھ ساتھ جنگلوں کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا۔اس بیچ راجوری ، پونچھ ، ڈوڈہ ، کشتواڑ میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر ہائی الرٹ جاری کیا گیا۔اطلاعا ت کے مطابق راجوری کے ڈانگری گاوں میں شہریوں ہلاکتوں میں ملوث بندوق برداروں کو ڈھونڈ نکالنے کی خاطر کھوجی کتوں اور ڈرونز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ بدھ کے روز بھی راجوری کے متعدد علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن چلایا جس دوران مکینوں اور مسافروں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے گئے۔ذرائع نے بتایا کہ حملہ آوروں کو تلاش کرنے کی خاطر ڈانگری گاوں اور ا±س کے ملحقہ علاقوں میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی,کسی بھی شہری کو بغیر تلاشی کے آگے جانے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کو تلاش کرنے کی خاطر ہیومن انٹیلی جنس کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کو بھی بروئے کارلایا جارہا ہے تاہم ابھی تک سیکورٹی فورسز کو کوئی کامیابی ہاتھ نہیں لگی ہے۔دفاعی ذرائع نے راجوری کے کئی علاقوں میں تلاشی آپریشن شروع کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈانگری سانحہ میں ملوث ملی ٹینٹوں کی تلاش جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ دو ملی ٹینٹوں نے ڈانگری میں عام شہریوں پر بندوقوں کے دہانے کھولے جن کی تلاش کا کام شدو مد سے جاری ہے۔ا±ن کے مطابق سیکورٹی فورسز نے عام لوگوں کو آگاہ کیا ہے کہ مشتبہ افراد کے بارے میں فوری طورپر نزدیکی تھانے کو مطلع کرئے۔انہوں نے کہاکہ راجوری میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوارو اقعے کو ٹالنے کی خاطر اضافی نفری کو بھی تعینات کیا گیا۔دریں اثنا جموں صوبے کے اطراف واکناف بالخصوص مختلف اضلاع کو سرمائی دارالحکومت کے ساتھ جوڑنے والی سڑکوں پر سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کے خصوصی ناکے بٹھائے گئے ہیں جہاں چھوٹی بڑی گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لی جاتی ہے اور ان میں سوار مسافروں کی جامہ تلاشی لینے کے علاوہ شناختی کارڈ چیک کئے جاتے ہیں۔جہاں دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد پر تعینات فوجیوں کو الرٹ حالت میں رکھا گیا ہے، وہیں میدانی علاقوں میں جنگجووں کی سرگرمیوں پر بریک لگانے کے لئے تلاشیوں اور گشت کا سلسلہ تیز کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ جموں کے سبھی پولیس اسٹیشنوں میں تعینات عملے کو ہائی الرٹ پر رہنے کے احکامات جاری کئے گئے.