امت نیوز ڈیسک //
دہلی:کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کو آج دہلی گنگارام اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے مطابق سونیا گاندھی کو معمول کے چیک اپ کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بیٹی پرینکا گاندھی واڈرا ان کے ساتھ اسپتال گئی ہیں۔ ان کے مطابق سونیا گاندھی سانس کے انفیکشن میں مبتلا ہیں۔ کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کی منگل سے طبیعت ٹھیک نہیں تھی جس کی وجہ سے راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی بھارت جوڑو یاترا میں سات کلومیٹر پیدل چل کر ہی دہلی واپس آگئے۔ کہا جا رہا ہے کہ سونیا گاندھی کو معمول کے چیک اپ کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس دوران پرینکا گاندھی بھی ان کے ساتھ اسپتال میں موجود تھیں۔
زرائع نے بتایا کہ سونیا گاندھی منگل سے بیمار ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا منگل کی شام اتر پردیش میں داخل ہونے والی بھارت جوڑو یاترا میں کچھ ہی کلومیٹر پیدل چل کر دہلی واپس آگئے تھے۔ کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا رات کو اتر پردیش کے باغپت میں رکنے کے بعد بدھ کی صبح 6 بجے دوبارہ شروع ہوئی۔ تاہم جب یاترا دوبارہ شروع ہوئی تو پرینکا گاندھی یاترا میں شامل نہیں تھیں۔ اس سے قبل 24 دسمبر کو سونیا گاندھی نے دہلی میں بھارت جوڑو یاترا میں حصہ لیا اور راہل گاندھی کے ساتھ تھوڑی دور پیدل چلیں۔ یہ دوسرا موقع تھا جب کانگریس کی سابق صدر نے یاترا میں حصہ لیا۔
اس سے پہلے جب 4 ستمبر کو یاترا کرناٹک میں تھی تو اس دوران بھی وہ اس میں شامل ہوئی تھیں۔ پد یاترا کے دوران راہل گاندھی کو کبھی اپنی ماں کے کندھے پر ہاتھ رکھتے ہوئے دیکھا گیا، اور کبھی ان کو اپنی ماں کے جوتے کا تسمے باندھتے دیکھا گیا۔ سونیا گاندھی کے جوتوں کے تسمے باندھتی ہوئی تصویر سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کو کووڈ سے متعلق مسائل کی وجہ سے گزشتہ سال جون کے مہینے میں بھی دہلی کے گنگا رام اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ حالانکہ انہیں کچھ دنوں کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا تھا۔