امت نیوز ڈیسک //
آنگن واڑی ورکروں نے سنیچر کے روز یہاں پریس کالونی سرینگر میں جمع ہو کر اپنے مطالبات کے حق میں زبردست احتجاج کیا۔احتجاجی ورکرس ’نہ جھکنے والی، آنگن واڑی، ہمت والی آنگن واڑی‘ جیسے نعرے لگارہی تھیں۔اس موقع پر ایک ورکر نے بتایا کہ ہم گذشتہ بیس بیس تیس تیس برسوں سے محکمے کی خدمت کرتے آ رہے ہیں ہر اسکیم کو چلا رہے ہیں لیکن ہمارے مطالبوں کو پورا نہیں کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بچے بھوکے ہیں اور کوئی اب ہمیں ادھار بھی نہیں دے رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آنگن واڑی ورکرس گذشتہ ڈیڑھ برس سے مشاہرے سے محروم ہیں۔احتجاجیوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے لئے پنشن اسکیم لاگو کی جانی چاہئے اور ان کو مشاہرہ واگذار کیا جانا چاہئے۔