امت نیوز ڈیسک //
جموں:بھارت جوڑو یاترا کشمیر میں جاری ہے وہیں آج یاترا جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے ہیرا نگر سے شروع ہو گئی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں راہل گاندھی گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کٹھوعہ کے ہٹلی موڑ سے شروع ہوئی تھی، وہیں راہل گاندھی نے سردی سے بچنے کے لیے ساتی کوٹ پہن رکھا تھا اور خراب موسم کے باعث یاترا دیر سے شروع ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ بھارت جوڑو یاترا گزشتہ برس سات ستمبر سے کنیا کماری سے شروع ہوئی تھی اور جمعرات کی شام ریاست پنجاب سے جموں و کشمیر میں داخل ہوئی تھی، بھارت جوڑو یاترا 30 جنوری کو جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر کے شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں اختتام پذیر ہوگی۔ اس یاترا میں شیوسینا کے ترجمان سنجے راوت نے بھی شرکت کی تھی انہوں نے وقفہ تک راہل گاندھی کے ساتھ یاترا میں شریک رہے اور راہل گاندھی کے ساتھ ملک کے موجودہ صورت حال سے متعلق بات چیت کی، وہیں جمعرات کو نیشنل کانفرنس کے سربراہ و سابق وزیر اعلی ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بھی بھارت جوڑو یاترا میں شرکت کی تھی اور لوگوں سے خطاب بھی کیا تھا۔ بھارت جوڑو یاترا میں جموں و کشمیر کانگریس یونٹ کے صدر وقار رسول، غلام احمد میر سمیت دیگر سیئنر رہنما و کارکنان راہل گاندھی کے ہمراہ ہیں۔ جموں و کشمیر انتظامیہ کی جانب سے وادی میں سخت سکیورٹی کے انتظامات کیے گیے ہیں۔