امت نیوز ڈیسک //
جموں:جموں کے نروال علاقے میں ہفتے کے روز ہوئے دو دھماکوں کی تحقیقات کے لئے قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے )کی اعلیٰ سطح کی ٹیم جموں وارد ہوئی اور فوری طور پر جائے وقوع کا معائنہ کیا اور وہاں ثبوت اکھٹا کئے۔ فوج اور سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی کے سینئر حکام ہفتہ کو جائے وقوع پر پہنچ گئے تھے۔ اس دوران پورے علاقے کو محاصرے میں لے لیا گیا اور سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ سرچ آپریشن کے تحت گاڑیوں کی بھی چیکنگ جاری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جموں کے نروال علاقے میں ہفتے کے روز دو دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں نو افراد زخمی ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے )کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم جموں وارد ہوئی۔ معلوم ہوا ہے کہ این آئی اے ٹیم نے نروال میں جائے وقوع کا معائنہ کیا اور وہاں اہم ثبوت اکھٹا کئے۔ ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے، ایس آئی اے اور دیگر تحقیقاتی ادارے ان دھماکوں کی تحقیقات میں جٹ گئی ہے۔وہیں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا آج جموں میں ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کی میٹنگ کی صدارت کریں گے۔ توقع ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر جموں میں بیک ٹو بیک دھماکوں کے حوالے سے سینئر پولیس افسران کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ اس کے ساتھ حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت کی جائے گی۔
واضح رہے کہ جموں کے نروال علاقے میں 21 جنوری کو دو پُر اسرار دھماکوں میں نو افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ جموں کے نروال علاقے میں دو دھماکے ہوئے جن کے نتیجے میں نو افراد زخمی ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ دھماکے دو گاڑیوں میں ہوئے ہیں۔ ایک مقامی شہری نے بتایا کہ پہلا دھماکہ قریب سوا گیارہ بجے ہوا اور اس کے پندرہ منٹ بعد دوسرا دھماکہ ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ ایس آئی اے کی ٹیم جس کی سربراہی ڈی ایس پی کر رہے تھے نے کئی گھنٹوں تک جائے وقوع کا معائنہ کیا اور وہاں سے اہم ثبوت و شواہد اکھٹا کیے۔