امت نیوز ڈیسک //
راجوری حملے ، نروال جموں دھماکوں اور 26جنوری کے پیش نظر فوج ، جموں کشمیر پولیس ، سی آر پی ایف ، بی ایس ایف اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی ایک مشتر کہ میٹنگ جموں کے راجوری ضلع میں منعقد ہوئی جس میں جموں کشمیر کی سیکورٹی صورتحال اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق راجوری ضلع میں سیکورٹی فورسز اور سیکورٹی ایجنسیوں کی ایک مشتر کہ میٹنگ منعقد ہوئی ۔ میٹنگ میں فوج ، جموں و کشمیر پولیس، سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)، بارڈر سیکورٹی فورسز (بی ایس ایف) اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اہلکاروں نے مشتر کہ طور پر شرکت کی۔
فوج کی 16 کور کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل کے مطابق یہ میٹنگ موجودہ اندرونی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے منعقد کی گئی جس میں سیکورٹی ایجنسیوں کے جائزوں کی بنیاد پر اس میں حصہ لیا گیا۔
فوج نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ” سی آر پی ایف، بی ایس ایف، جموں و کشمیر پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ ہندوستانی فوج کی ایک مشترکہ انٹیلی جنس اور سیکورٹی کانفرنس راجوری میں منعقد ہوئی جس میں شریک ایجنسیوں کے جائزوں کی بنیاد پر موجودہ اندرونی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
میٹنگ میجر جنرل وائی ایس اہلوت کی موجودگی میں ہوئی“۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ میٹنگ سیکورٹی کے لحاظ سے اہمیت رکھتی ہے کیونکہ یہ حملے اور جموں میں ناروال کے جڑواں دھماکوں کے پس منظر میں اور یوم جمہوریہ کی تقریبات سے پہلے بھی ہے۔