امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: جموں کشمیر پولیس نے سرینگر میونسپل کارپوریشن کے ایک منتخب کونسلر عاقب رینزو کو ایک خاتون کے ساتھ جنسی ہراسانی کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک خاتون جس کا نام مخفی رکھا گیا ہے، نے شکایت درج کی کہ عاقب رینزو ان کو جسمانی ہراساں کر رہا تھا۔ اس کے علاوہ وہ ان کو آئن لائن سٹاکنگ بھی کر رہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے بہادری اور جرات دکھا کر پولیس کے سامنے شکایت درج کی۔پولیس نے اس سلسلے میں عاقب رنزو کے خلاف رام باغ پولیس تھانے میں ایف آئی آر نمبر 50/ 2023 زیر دفعات 354 اے، 354 ڈی، 354 کے تحت گرفتار کیا ہے۔ عاقب رینزو جوان سالہ ایس ایم سی کے کونسل ہیں اور سرینگر کے نشاط علاقے سے سنہ 2018 کے بلدیاتی انتخابات میں چند ووٹ حاصل کرکے منتخب ہوئے تھے۔اس دوران نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے ان انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا۔
عاقب رینزو سرینگر مونسپل کارپوریشن میں کافی تنازعات میں ملوث ہیں اور آئے روز افسران و کونسلرز کی شکایت کرتے رہتے ہیں۔ عاقب رنزو "آخر کب تک” پروگرامز میں بھی شرکت کر رہے ہیں اور بیشتر ترنگا ریلیز میں بھی انہوں نے حصہ لیا ہے۔”آخر کب تک پروگرام” سرینگر کے لالچوک میں شہری ہلاکتوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جاتے ہیں جن کا اہتمام مبینہ طور پر فوج کرتی تھی۔ اس میں ایس ایم سی کارپوریٹر اور بی جے پی سے منسلک دیگر کارکنان شرکت کرتے تھے”۔