امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: جموں و کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کے ساتھ ساتھ اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری اور پیپلز کانفرنس کے سربراہ سجاد لون نے بھی رام بن سڑک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔بتادیں کہ جموں و کشمیر کے ضلع رام بن میں قومی شاہراہ پر بیٹری چشمہ علاقے کے نزدیک ایک دلدوز سڑک حادثے میں 10 افراد لقمہ اجل بن گئے۔
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس سڑک حادثے پر اظہار غم کرتے ہوئے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘انتہائی خوفناک سانحہ، ہماری شاہراہ انسانی جانوں کے زیاں کا لگاتار باعث بن رہی ہے’۔
انہوں نے کہا ‘ہم اس دن کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں جب فور لین ہائی وے مکمل کی جائے گی جس کا ہم سے وعدہ کیا گیا ہے اورجس سے اس شاہراہ پر لوگوں کا محفوظ سفر یقینی بن جائے گا’۔
عمر عبداللہ نے اس حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت کی۔
پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘رام بن سڑک حادثہ، جس میں 10 انسانی جانوں کا زیاں ہوا، انتہائی خوفناک واقعہ ہے، میں لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتی ہوں’۔
اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری نے اس سانحے پر اظہار غم کرتے ہوئے ‘ایکس’ پر اپنے پوسٹ میں کہا: ‘قومی شاہراہ پر بیٹری چشمہ شاہی کے نزدیک ہونے والے سڑک حادثے جس میں دس افراد کے فوت ہونے کا امکان ہے، کے بارے میں جان کر انتہائی صدمہ ہوا’۔
انہوں نے کہا: ‘میں لواحقین کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں اور ضلع انتظامیہ رام بن اور مقامی نوجوانوں کا مشکور ہوں جنہوں نے مشکل صورتحال میں بچائو آپریشن چلایا’۔
پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد لون نے بھی ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ کے ذریعے رام بن سڑک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا۔