امت نیوز ڈیسک //
بارہمولہ: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے بیشتر اضلاع میں منشیات فروشوں کو جڑ سے اکھاڑ پبھینکنے کے مقصد سے بڑے پیمانے پر خصوصی چھاپہ ماری مہم چلائی جا رہی ہے۔ ضلع بارہمولہ میں پولیس نے خصوصی مہم چلاتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش کو گرفتار کرلیا۔
اس ضمن میں بدنام زمانہ منشیات فروش بلال احمد شیخ ولد مرحوم غلام حسن ساکن زہان پورہ بونیار کے خلاف مجاز اتھارٹی سے باضابطہ حراستی احکامات حاصل کرنے کے بعد PIT-NDPS ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد منشیات فروش کو حراست میں لیا گیا ہے ۔گرفتار شخص کو سنٹرل جیل کوٹ بلوال جموں میں رکھا گیا ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مذکورہ منشیات اسمگلر کے خلاف کئی مقدمات درج ہیں ۔پولیس کو اس کی کافی دنوں سے تلاش تھی۔وہ اڑی، کمل کوٹ، بونیار اور ضلع کے دیگر علاقوں کے مقامی نوجوانوں کو منشیات فراہم کرنے کا الزام ہے۔اس کے علاوہ وہ مختلف علاقوں کو منشیات کے استعمال کو بڑھاوا دینے میں ملوث تھا۔
پولیس نے اس منشیات فروش کو گرفتار کرنے کے مقصد سے خصوصی چھاپہ ماری مہم چلائی اور نامعلوم مقام سے گرفتار کرلیا۔پولیس نے کہاکہ منشیات کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے چھاپہ ماری مہم جاری رہے گی۔