(بارہمولہ) جموں وکشمیر پولیس نے پلہالن پٹن گرنیڈ حملے کا معمہ حل کرکے لشکر طیبہ/ٹی آر ایف کے تین معاونین کو حراست میں لے کر دو گرنیڈ ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 29 آر آر ،ایس ایس بی 2 بٹالین اور بارہمولہ پولیس کی مشترکہ ٹیم نے وسن پٹن کے نزدیک معمول کے مطابق ناکہ لگایا اسی دوران تین مشتبہ افراد کی نگاہ جونہی فورسز اہلکاروں پرپڑی تو انہوں نے راہ فرارا ختیار کرنے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق فورسز نے تینوں کو دھر دبوچا اور اُن کی نشاندہی پر دو گرنیڈ برآمد کرکے ضبط کئے۔ حراست میں لیے گئے افراد کی شناخت آصف احمد ریشی ولد نثار احمد ریشی، معراج الدین ڈار ولد ثناءاللہ ڈار اور فیصل حبیب لون ولد حبیب اللہ لون ساکنان گنڈ جہانگیر، بانڈی پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔ یاد رہے پلہالن پٹن علاقے میں نومبر 17 کو نامعلوم افراد نے ایک گرینیڈ داغا تھا جس کے نتیجے میں دو فورسز اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔










