(کرناہ) ایس ڈی ایم کرناہ ڈاکٹر گلزار احمد راتھر نے لوگوں سے تلقین کی ہے کہ وہ انتظامیہ کی اجازت کے بغیر کرناہ کپواڑہ شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کریں، کیونکہ شاہراہ پر پسیاں اور پتھر گر آنے کے سبب اُن کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ ایس ڈی ایم نے کہا کہ علاقے کے لوگوں کےلئے لگاتار ایڈوائزری جاری کی جاتی ہے، کہ وہ سفر کرنے سے قبل انتظامیہ کے کنٹرول روم نمبرات سے رابطہ قائم کریں، لیکن اس کے باوجود بھی کچھ ایک لوگ ہدایات پر عمل نہیں کرتے ہیں ۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ جو بھی شخص حکام کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل نہیں کرے گا اُس کے خلاف ضابطہ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کپواڑہ سے کرناہ کےلئے چاپر سروس موسم کی بہتری کے ساتھ بحال ہو گی اور کل ہیلی کاپٹر کے ذریعے مسافروں کو اپنی اپنی منزلوں تک پہنچایا جائے گا۔ ایس ڈی ایم نے کہا کہ موسم میں بہتری کے ساتھ ہی شاہراہ کی بحالی کےلئے کارروائیاں ہوگی۔ علاقے میں اشیائے ضروریہ کے حوالے سے، انہوں نے کہا کہ علاقے میں رسوئی گیس ، راشن اور دیگر ضروریات زندگی کی چیزوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لوگوں کو گمراہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اطلاعات ہیں کہ کرناہ کپواڑہ شاہراہ گذشتہ 7روز سے بند ہے کیونکہ لگاتار موسم کی خرابی کے سبب اس کے کھلنے میں رکاوٹیں پیش آئیں۔