(جموں) کٹھوعہ اور جموں پولیس کی مشترکہ ٹیم نے ایک آپریشن کے دوران سابق وزیر بابو سنگھ جو کہ حوالا منی کیس میں اپنی گرفتاری سے بچ رہے تھے، کو کٹھوعہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کو پنجاب بارڈر کے قریب واقع علاقے میں اس کی موجودگی کی اطلاع ملی جس کے بعد مشترکہ ٹیموں نے آپریشن کیا اور مبینہ طور پر اسے گرفتار کر لیا۔سابق وزیر کو کٹھوعہ ضلع کے راج باغ پولیس چوکی میں زیر حراست رکھا گیا ہے۔یاد رہے کہ جموں میں ایک شخص سے 6.90 لاکھ روپے سے زائد کی برآمدگی کے بعد وہ حوالا منی کیس میں مطلوب تھا۔ محمد شریف شاہ (64)، ساکن سید پورا، لارنو، کوکرناگ (اننت ناگ) نے سابق وزیر بابو سنگھ کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا۔ اس کے علاوہ پولیس نے کئی افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں بھی لیا ہے۔پولیس کے مطابق "گرفتار کیے گئے افراد میں سے ایک نے سابق وزیر کے مقام کا انکشاف کیا جس کے بعد کٹھوعہ اور جموں پولیس نے مشترکہ آپریشن کیا”۔