(کپوارہ) بھارتیہ جنتا پارتی نے جموں و کشمیر میں گزشتہ تین سال کے دوران سب کچھ تہس نہس کر کے رکھ دیا ہے لیکن لوگو ں کو اس کا مقابلہ کرنے کے لئے یکجا ہو نا ہے ۔ان باتو ں کا اظہار پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کی صدرمحبوبہ مفتی نے سنیچر کو کرالہ پورہ میں کیا جہا ں انہو ں نے سابق وزیر اور پی ڈی پی لیڈر غلام قادر میر کے گھر جاکر لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ غلام قادر میر نے اپنے دور میں اس پسماندہ ضلع کی جو خدمات کی وہ قابل داد ہے۔ بعد میں محبوبہ مفتی ہری ترہگام گئی جہا ں حال میں صورہ سرینگر میں ایک پولیس اہلکار کو گولی مار کر ابدی نیند سلا دیا گیاتھااور وہاں عامر حسن لون نامی پولیس اہلکار کے لواحقین سے تعزیت کی ۔محبوبہ مفتی نے کپوارہ دورہ کے دوران ورکروں سے کہا کہ وہ پارٹی کو مضبوط کر نے کے لئے زیادہ سے زیادہ کام کریں ۔انہوں نے کہا کہ بات اقتدار کی نہیں ہے بلکہ جموں و کشمیر کی بقا کے لئے لڑنا ہے ۔سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ جس طرح کا ماحول ملک میں بنایا گیا ہے کہ وہ تشویش ناک ہے اور جو ہمارے مسلمان لوگ یا دلت ہیں ان کے ساتھ بر اسلوک کیا جارہا ہے اور ان کو کھلے طور دھمکی دی جاتی ہے بلکہ ہماری بچیوں کو عورت کے نام پر گالی گلوچ دے کر ان کی آبروریزی ہو رہی ہے ۔انہو ں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے جمو ں و کشمیر میں گزشتہ تین سال کے دوران جو حالات بنائے ہیں وہ نا قابل بیان ہیں، جس طرح سے یہا ں پکڑ دھکڑ کا ماحول اور آئے روز چھاپو ں کا سلسلہ ہے ،لوگو ں کو ان کی ملازمتو ں سے بے دخل کیا جاتا ہے اور باہر کے ریٹائر فوجیو ں کو یہا ں ملازمتیں دی جاتی ہے اور اس سے لگتا ہے کہ یہ ایک ایسی پالیسی ہے کہ جموں و کشمیر کی معیشت ،روز گار اور ہمارا جو تشخص ہے اس کو ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور ملک کا وزیر اعظم تماشہ دیکھ رہا ہے.