امت نیوز ڈیسک //
لداخ، فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپندرا دیویدی نے مشرقی لداخ سیکٹر میں حقیقی کنٹرول لائن (ایل اے سی) کے اگلے علاقوں کا دورہ کرکے فوجی جوانوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل اوپندرا دیویدی نے پیر کو مشرقی لداخ کے بٹالک سیکٹر میں ایل اے سی کے اگلے علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں جوانوں کی آپریشنل تیاریوں کو جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ موصوف کمانڈر نے وہاں جدید ہتھیاروں اور ساز و سامان کا بھی جائزہ لیا۔
ایک فوجی ترجمان نے یہ جانکاری فراہم کرتے ہوئے پیر کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’فوج کے شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپندرا دیویدی نے لداخ میں اگلے علاقوں کا دورہ کیا اور حقیقی کنٹرول لائن پر تازہ صورتحال کا جائزہ لیا۔
انہوں نے کہاکہ فوجی کمانڈر کو وہاں پر تعینات آفیسران نے حقیقی کنٹرول لائن کی تازہ ترین صورتحال کے متعلق جانکاری فراہم کی۔
ذرائع نے بتایا کہ شمالی کمان کے کمانڈر نے لہیہ میں فوج کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس دوران اُنہیں چین کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر تعینات فوج کی تیاریوں کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل اوپندرا دیویدی نے کہاکہ حقیقی کنٹرول لائن پر دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کی خاطر مزید چوکسی بڑھانے کی ضرورت ہے۔
فوجی کمانڈر نے بعد میں ٹائیگر ہل کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر تعینات اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔